کویت اردو نیوز 28 فروری: کویت پولیس نے مھبولہ سے گرفتار ہونے والے گیمبلنگ میں ملوث گروہ کی تفصیلات شائع کردی گئیں۔روزنامہ القبس نے گزشتہ روز قبل گرفتار کئے گئے گینگ کی تفصیلات شائع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن آف کریمنل انویسٹی گیشن نے جوا اور آن لائن بیٹنگ میں ملوث پیشہ ور افراد پر مشتمل گینگ کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ مھبولہ کے اپارٹمنٹ میں جو خاص طور پر ملک میں بڑے پیمانے پر جوئے اور بیٹنگ کے لئے استعمال کیا جارہا تھا جوا کھیلنے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کرمنل انویسٹی گیشن چھاپے کے دوران 29 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے جن میں عرب اور ایشیائی قومیتوں کی 19 خواتین بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ماسٹر مائنڈ اور مرکزی مشتبہ شخص ایک فلپائنی رہائشی ہے جو باقاعدہ ایک پیشہ ور کرمنل ہے اور تمام غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ساتھ گینگ کا سرغنہ بھی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ گینگ کی گرفتاری سے قبل خصوصی جاسوسوں کو معلومات اکھٹا کرنے کا کام دیا گیا تھا۔ اس گروہ کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں جاسوسوں کو خفیہ معلومات موصول ہوئیں جس کے بعد اپارٹمنٹ میں چھاپہ مارنے کے لئے قانونی اجازت حاصل کی گئی۔ گرفتاری کے بعد جو تفصیلات سامنے آئیں انکے مطابق گروہ کے پاس سے 5000 دینار اور کئی بین الاقوامی سطح پر گیمبلنگ میں استعمال ہونے والی اشیاء برآمد ہوئیں تاہم گرفتار شدہ گروہ کو مزید قانونی کاروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔