کویت اردو نیوز: قومی تعطیلات کے دوران کویت کا موسم سرد ہونے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ماہر محمد کرم نے پیشنگوئی کی ہے کہ افریقی ہواؤں کے وسطی عرب خطے میں دباؤ کے نتیجے میں ملک میں منگل اور بدھ کے روز گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق ماہر موسمیات محمد کرم نے مزید کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں خصوصا جنوبی علاقوں میں بارش ہونے کے ساتھ ہلکی اعتدال پسند شمالی ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 15 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ہفتے کے آخر میں قومی تعطیلات کے دوران موسم کچھ سرد ہوگا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ریکارڈ کیا جائے گا۔