کویت اردو نیوز 13مئی:ملک بھر میں گرمی کی شدّت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ایسے میں ہر کوئی متعدد بیماریوں اور پیٹ سے جڑی شکایتوں میں گھِرا نظر آتا ہے، تپتے موسم میں چند مشروبات کے استعمال سے گرمی کے سبب پیش آنے والے ان مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر کے گرمیوں کو بہتر انداز میں گزارا جا سکتا ہے۔
گرمی کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی اور دیگر امراض کا سامنا رہتا ہے جب کہ گرمیوں میں سب سے اہم چیز جس کا ہمیں خیال رکھنا چاہیے وہ ہے غذا کیونکہ کھانے پینے میں چیزوں کا صحیح استعمال ہمیں بہت سے مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔
گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک کا بھی خدشہ رہتا ہے لہذا جسم میں پانی کی مقدار کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور اس کے لیے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔ اسی لیے آپ کو چند مشروبات اور غذائیں بتائی جارہی ہیں جن کے استعمال سے آپ نہ صرف جسم کو تپش سے بچا سکتے ہیں بلکہ پانی کی مطلوبہ مقدار کو بھی پورا کرسکتے ہیں۔
سادہ پانی کی مقدار بڑھائیں:
طبی ماہرین کے مطابق جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہر انسان کو خواہ بچہ ہو یا بوڑھا، مرد ہو یا عورت گرمیوں کے آغاز سے ہی سادہ پانی کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، اس دوران زیادہ میٹھے اور پروسیسڈ، ڈبے کے مشروبات سے پرہیز کریں۔
کیری کا شربت: گرمیوں کے موسم میں کیری کا شربت جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس میں موجود اجزا جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں
لیموں پانی:گرمیوں کے موسم میں لیموں پانی کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے، لیموں پانی کا استعمال جسم کو نہ صرف ہیٹ اسٹروک سے بچاتا ہے بلکہ گلوکوز کا لیول بھی برقرار رکھتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں روزانہ 2 گلاس لیموں پانی کا استعمال کرنا چاہیے۔
ناریل پانی:ماہرین صحت کے مطابق گرمیوں میں روزانہ دن میں 2 سے 3 مرتبہ ناریل پانی پینا چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف جسم کا درجہ حرارت کم رہتا ہے بلکہ بھرپور مقدار میں معدنیات بھی حاصل ہوتی ہیں۔
پیاز کا استعمال:گرمیوں میں پیاز کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ اس میں شامل اجزا لو سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں لہذا روزانہ سلاد یا چٹنی کے ساتھ پیاز کا استعمال کرنا نہ بھولیں۔
لسی:ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں لسی کا استعمال بھی لو اور ہیٹ اسٹروک سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے لہذا ہمیں لسی کا استعمال بھی رکھنا چاہیے۔
آلوچہ:گرمیوں کے موسم میں آلوچے کا استعمال جسم کو اہم معدنیات فراہم کرتا ہے جو پسینہ نکلنے سے ضائع ہوجاتے ہیں اس کے علاوہ آلوچہ لو سے بچاؤ میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔